تاثیر 07 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 7 مارچ : دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے شاہ آباد ڈیری تھانہ علاقہ میں اپنے سالے پر جان لیوا حملہ کرنے کے سلسلے میں تقریباً ڈھائی سال سے مفرور ایک مفرور بدمعاش کو گرفتار کیا ہے ۔ ملزم واردات کے بعد سے فرار تھا اور عدالتی کارروائی سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔
کرائم برانچ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس پنکج کمار نے ہفتہ کو بتایا کہ کرائم برانچ کی این آر -1 یونٹ نے 6 مارچ کو کارروائی کرتے ہوئے ملزم انور حسین عرف انور حسن (27) کو گرفتار کیا۔ ملزم ہریانہ کے گروگرام کا رہنے والا ہے۔ وہ شاہ آباد ڈیری تھانہ میں درج ایف آئی آر نمبر 814/23 میں مطلوب تھا۔ اس معاملے میں اس کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 308، 323، 342، 34 اور 174 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق، 16 ستمبر 2023 کو ملزم انور حسین نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنے سالے عبید الرحمن عرف عبدالرحمن کے ساتھ شاہ آباد ڈیری کے علاقے میں بے رحمی سے مارپیٹ کی تھی۔ حملے میں متاثرہ شخص کو شدید چوٹیں آئیں۔ متاثرہ کی شکایت کی بنیاد پر، 17 ستمبر 2023 کو شاہ آباد ڈیری پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد، ملزم اپنے ساتھیوں سمیت فرار ہو گیا اور پولیس اور عدالتی کارروائی سے بچتا رہا۔

