تاثیر 08 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد، 08 مارچ:صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کو اپنے حالیہ دورہ مغربی بنگال کے دوران تلخ تجربات کا سامنا کرنا پڑا جس پر ملک بھر میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ممتا بنرجی حکومت کی جانب سے پروٹوکول کی خلاف ورزیوں اور صدر کے عہدہ کے تئیں مبینہ بے رخی پر آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندر بابو نائیڈو نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ چندر بابو نائیڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹویٹر) پر اپنے پیغام میں لکھا کہ صدرجمہوریہ کی توہین دراصل پورے ملک کی توہین کے مترادف ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ایک مضبوط جمہوریت میں آئینی عہدے سیاست سے بالاترہوتے ہیں اور صدر کا عہدہ ہمارے جمہوری نظام کی عزت و وقار کی علامت ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ صدرجمہوریہ کے تئیں کم شائستگی اور احترام کا فقدان نہ صرف اس عہدے کی تذلیل ہے بلکہ ملک کی آئینی روح کے خلاف بھی ہے۔

