تاثیر 08 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 08 مارچ :جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے مغربی ایشیا میں جاری تنازعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی بمباری کے ذریعے کسی ملک میں حکومت کی تبدیلی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے قتل کو طاقت کا کھلا غلط استعمال اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ کسی بھی ملک میں حکومت کا انتخاب صرف وہاں کے عوام کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بیرونی طاقت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ بمباری کے ذریعے کسی ملک کا نظام بدلنے کی کوشش کرے۔
انہوں نے کہا کہ کسی ملک کی حکومت کا فیصلہ صرف وہی لوگ کر سکتے ہیں جو اس ملک میں رہتے ہیں۔ برطانیہ کے وزیر اعظم کی بات بالکل درست ہے کہ فضائی حملوں کے ذریعے حکومت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔عمر عبداللہ نے حالیہ حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر کے قتل کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے مذہبی رہنما کی جان لے لی گئی جس کی قیادت کو نہ صرف شیعہ برادری بلکہ دنیا بھر کے مسلمان تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی تبدیلی نہیں بلکہ طاقت کا سنگین غلط استعمال اور بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔

