تاثیر 10 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مظفرپور: (نزہت جہاں)
شہر کے چندوارہ مغل مسجد کے قریب روڈ سے پورب جانب واقع مدرسہ دارالتکمیل کے قریب بجلی کے ٹرانسفارمر کی خطرناک حالت نے مقامی لوگوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ یہاں ایک بڑا بجلی کا ٹرانسفارمر نصب ہے جس کے بالکل نیچے چاپاکل لگا ہوا ہے، جہاں روزانہ بچے اور مقامی لوگ پانی بھرنے کے لیے آتے جاتے ہیں۔
بجلی کے آلات کے عین نیچے پانی کا ذریعہ ہونا کسی بھی وقت خطرناک حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ صورتحال اس وقت مزید تشویشناک ہو جاتی ہے جب ٹرانسفارمر کے ایک طرف ایک ہرا بھرا درخت موجود ہے جس کی شاخیں بجلی کے تاروں کے قریب پہنچ چکی ہیں۔ تیز ہوا یا بارش کی صورت میں یہ شاخیں تاروں سے ٹکرا کر شارٹ سرکٹ یا کرنٹ پھیلنے کا باعث بن سکتی ہیں۔
دوسری جانب مدرسہ کی دیوار ٹرانسفارمر سے تقریباً دو فٹ کے فاصلے پر ہے، جو حفاظتی اصولوں کے لحاظ سے انتہائی خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال کافی عرصے سے برقرار ہے لیکن بجلی محکمہ اور انتظامیہ نے اب تک اس جانب کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا۔ لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ٹرانسفارمر کو محفوظ جگہ منتقل کیا جائے یا اردگرد کی صورتحال کو درست کیا جائے تاکہ مدرسہ کے بچوں اور علاقے کے لوگوں کو کسی بڑے حادثے سے بچایا جا سکے۔

