تاثیر 11 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھاگلپور (منہاج عالم) سیدہ میموریل اسکول، برہ پورہ بھاگلپور کا سالانہ رزلٹ ڈے آج منعقد ہوا، جس میں تعلیم کی اہمیت پر ایک مختصر سیمینار کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔جلسے کا آغاز مولانا غلام ربانی مدنی کی تلاوت کلام سے ہوا اور حاجی داؤد علی عزیز چیرمین سیدہ میموریل ایجوکیشن ٹرست نے استقبال کیا اور بتایا کہ یہ اسکول مکمل طور پر ایک فری سکول ہے، جس میں سال میں دو بار یونی فارم گرم کپڑا، بیگ اور کاپی کتابیں اس اسکول کے بچوں کو فری میں دی جاتی ہیں۔ جلسے کی صدارت جناب حاجی افضل عزیز، پرنسپل نے کی اور خصوصی طور پر پروفیسر ڈاکٹر دیو جیوتی مکھرجی، ڈاکٹر حبیب مرشد خان، ٹائگر اکبر خان اور آدتیہ ناتھ جھا نے شرکت کی اور طلبہ کے ساتھ ساتھ مدعو گارجین کے سامنے تعلیم کی اہمیت پر مختصر خطاب کیا۔ اس موقع پر محترمہ شاہینہ داؤد، جناب افسانہ خاتون، وارڈکا نسلر نے تقسیم انعامات میں حصہ لیا ۔ماریہ زیبا، نسرین، ریشم نسرین مونا اور مہرن ،ریشمہ نے انتظامات میں سرگرم حصہ لیا ۔اول دوئم اور سوئم آنے والے بچوں کو میڈل اور تحفہ سے نوازا گیا۔ جناب حاجی افضل علی عزیز پرنسپل سیدہ میموریل اسکول نے شکریہ ادا کیا۔

