تاثیر 11 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فصاامام): نیشنل سروس اسکیم (NSS) ضلع گنگا کمیٹی، دربھنگہ کی جانب سے 16 سے 31 مارچ 2026 کے درمیان منعقد ہونے والی گنگا سوچھتا پکھواڑا مہم میں سرگرمی سے حصہ لے گی۔ اس سلسلے میں ضلع گنگا کمیٹی، دربھنگہ نے للت نارائن متھلا یونیورسٹی کے پروگرام کوآرڈینیٹر اور تمام کالجوں کے پرنسپلز کو ایک خط کے ذریعے اس مہم میں شرکت کے لیے مطلع کیا ہے۔پروگرام کے خاکے پر تبادلہ خیال کے لیے این ایس ایس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر آر این چورسیا کی صدارت میں تمام پروگرام افسران کی ایک آن لائن میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ضلع گنگا کمیٹی کے پروجیکٹ آفیسر فاروق امام سمیت ڈاکٹر کیرتی چورسیا، ڈاکٹر ابھیمنیو کمار، ڈاکٹر ریتا کماری، ڈاکٹر سنیتا کماری، ڈاکٹر انوپم پریا، پروفیسر مہنت اودھیش کمار داس، پروفیسر شیو نارائن رائے، مکیش کمار جھا، امت کمار جھا، سنجیو کمار، رویندر کمار اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔گنگا سوچھتا پکھواڑا کے دوران مختلف تاریخوں میں بیداری ریلیاں، تالابوں اور ندیوں کے کناروں کی صفائی، شجرکاری مہم، نیز پینٹنگ، رنگولی اور تقریری مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔اس موقع پر فاروق امام نے بتایا کہ یہ پروگرام دربھنگہ ضلع میں 2022 سے جاری ہے۔ اس مہم کا مقصد گنگا اور اس کی معاون ندیوں کے تحفظ کے لیے عوام کو بیدار کرنا اور انہیں اس مہم میں شامل کرنا ہے۔ یہ پروگرام حکومت ہند کے نیشنل کلین گنگا مشن اور بہار حکومت کے گنگا ندی تحفظ پروگرام کے تحت نافذ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہر کالج سے رضاکاروں کی ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی، جو ہر ماہ دو سے تین دن مختلف پروگراموں میں فعال طور پر حصہ لے گی۔ ایسے سرگرم رضاکاروں کو سالانہ اسناد اور اعزازات بھی دیے جائیں گے۔ڈاکٹر آر این چورسیا نے کہا کہ ہر کالج سے ماحولیات اور دریا کے تحفظ کے لیے کم از کم 10 سرگرم اور دلچسپی رکھنے والے طلبہ و رضاکاروں کو نامزد کیا جائے گا، تاکہ عوامی بیداری مہم کو مؤثر اور پائیدار انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔میٹنگ کے دوران پروگرام افسران نے مختلف سوالات کیے جن کے فاروق امام نے تفصیلی اور تسلی بخش جوابات دیے۔ میٹنگ میں مہمانوں کا استقبال این ایس ایس اسسٹنٹ امت کمار جھا نے کیا جبکہ شکریہ کا کلمات مارواڑی کالج کی این ایس ایس آفیسر ڈاکٹر سنیتا کماری نے پیش کی۔

