تاثیر 11 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد، 11 مارچ: رمضان المبارک کے آخری عشرے کے آغازکے ساتھ ہی شہر میں پہلی طاق رات (21 ویں شب) نہایت عقیدت، احترام اور روحانی جوش کے ساتھ منائی گئی۔ تاریخی مکہ مسجد سمیت شہر کی سینکڑوں مساجد میں رات بھر عبادات، ذکر و اذکار اور خصوصی دعاؤں کے روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے، جہاں ہزاروں کی تعداد میں فرزندانِ توحید نے شرکت کی۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے، جسے’عشر? نجات‘ کہاجاتا ہے، کے آغاز کے ساتھ ہی حیدرآباد کی فضاؤں میں ایک منفردروحانی کیفیت محسوس کی گئی۔
21 ویں شب کے موقع پر شہر کی بڑی اور چھوٹی مساجد کو بجلی قمقموں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا۔ تاریخی مکہ مسجد، شاہی مسجد باغ عامہ، مسجد چوک اور دیگر مساجد میں نماز عشاء کے بعد ہی عبادت گزاروں کی بڑی تعداد جمع ہونا شروع ہوگئی تھی۔ ان اجتماعات کے دوران علمائے کرام نے شب قدر کی عظمت اور رمضان کے آخری عشرے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مکہ مسجد میں ہزاروں افراد نے نمازِ تہجد اور صلوٰ? التسبیح ادا کی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جب ہزاروں ہاتھ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مغفرت، ملک و ملت کی سلامتی اور عالمی امن کے لیے دعا کے لیے بلند ہوئے۔
شہر کی کئی مساجد میں حفاظِ کرام نے قرآنِ پاک کا دور مکمل کیا۔ جس کے بعد خصوصی اجتماعی دعائیں بھی کی گئیں۔ دوسری جانب رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی پرانے شہر حیدرآباد کے علاقوں، خصوصاً چارمینار، لاڈ بازار اور پتھر گٹی میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ بلدیہ کی جانب سے مساجد کے اطراف صفائی کے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے۔

