ڈی سی ڈوڈہ نے نوراتری اور عیدالفطر کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لیا

تاثیر 14 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں، 14 مارچ:ضلع ڈوڈہ میں آنے والے تہوار نوراتری اور عیدالفطر کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کرشن لال نے مختلف سرکاری محکموں، سول سوسائٹی اور بیوپار منڈل کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں تہواروں کے دوران عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نوراتری اور عیدالفطر کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو ضروری انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے محکمہ بجلی کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی، محکمہ جل شکتی کو پینے کے صاف پانی کی مناسب سپلائی اور میونسپل کونسل ڈوڈہ کو مذہبی مقامات اور بازاروں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔

ایل پی جی گیس کی دستیابی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں رسوئی گیس کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور عوام کو کسی بھی قسم کی گھبراہٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا نے کہا کہ تہواروں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے جا رہے ہیں اور تمام اہم مذہبی مقامات پر اضافی سیکورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔