ہریانہ میں راجیہ سبھا کی ایک سیٹ بی جے پی اور ایک کانگریس کو ملی

تاثیر 17 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

چنڈی گڑھ، 17 مارچ :۔ ہریانہ میں راجیہ سبھا کی دو نشستوں پر ہونے والی پولنگ کے بعد منگل کی علی الصبح تقریباً پونے تین بجے اعلان کردہ نتائج کے مطابق ایک نشست پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے سنجے بھاٹیا اور دوسری نشست پر کانگریس کے کرم ویر بودھ منتخب ہوئے ہیں۔ پیر کو دن بھر جاری رہنے والے ڈرامائی واقعات کے دوران ہونے والی پولنگ کے بعد تقریباً 11 گھنٹے تک ووٹوں کی گنتی پر معرکہ آرائی جاری رہی۔

پیر کی شام چار بجے تک ہونے والی پولنگ کے دوران کل 90 میں سے 88 اراکین اسمبلی نے ووٹ ڈالے۔ انڈین نیشنل لوک دل کے دونوں اراکین اسمبلی ارجن چوٹالہ اور آدتیہ دیوی لال نے ووٹ نہیں ڈالا۔ اراکین اسمبلی کی تعداد کے مطابق بی جے پی کے سنجے بھاٹیا کا پہلے ہی منتخب ہونا طے تھا۔ پیر کی شام پانچ بجے گنتی شروع ہونے سے پہلے بی جے پی نے ٹوہانہ کے رکن اسمبلی پرم ویر سنگھ اور ایلناباد کے رکن اسمبلی بھرت سنگھ بینی وال کے ووٹ پر اعتراض درج کرواتے ہوئے الیکشن کمیشن کو شکایت کی۔ وہیں، کانگریس نے کابینی وزیر انل وج کے ووٹ پر اپنا اعتراض درج کروایا۔ تنازعہ بڑھنے پر رات تقریباً ساڑھے نو بجے کانگریس کا ایک وفد مرکزی الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچا اور شکایت درج کروائی۔

رات تقریباً 11.30 بجے کانگریس کے رکن اسمبلی پرم ویر سنگھ کا ووٹ منسوخ کر دیا گیا جبکہ بھرت سنگھ بینی وال اور انل وج کے ووٹوں کو درست قرار دیا گیا۔ اس کے بعد گنتی کے احکامات جاری ہوئے۔