عید کا پیغام نفرت چھوڑو محبت اپناؤ ۔ جمعیتہ علماء سوپول

تاثیر 18 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سوپول (محمد ابوالمحاسن)جمعیتہ علماء سوپول کے ذمہ داران کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس مولانا رمضان علی قاسمی صدر جمعیتہ علماء سوپول نےعید کے حوالے سے اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عید الفطر یہ ایک مبارک موقع ہے جو رمضان المبارک کے روزوں اور عبادتوں کا شکر ادا کرنے، خوشیوں کا اظہار کرنے اور ایک دوسرے کے ساتھ محبت و ہمدردی بڑھانے کا دن ہے۔اسلام میں عید الفطر کی خوشی منانا سنت ہے لیکن یہ خوشی سادگی، شکر گزاری، غریبوں کی مدد اور سنت نبویﷺ کے مطابق ہونی چاہیےعید کو غیر ضروری اسراف، نمائش اور فضول خرچی سے بچ کر سادگی سے منایا جائے اس سے دل کی پاکیزگی اور تقویٰ برقرار رہتا ہے۔مفتی معراج سعید قاسمی نائب سکریٹری جمعیتہ علماء سوپول نے کہا کہ عید کی نماز سے پہلے صدقہ فطر اداکریں  یہ غریبوں کو عید کی خوشی میں شریک کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اس دن دوسروں کو خوش کریں رشتہ داروں، پڑوسیوں، یتیموں اور محتاجوں کو یاد رکھیں۔ عیدی دینا خاص طور پر بچوں کو ایک اچھا رواج ہے جو محبت بڑھاتا ہے، بشرطیکہ اسراف نہ ہو۔یہ دن اللہ کا شکر ادا کرنے اور اپنی غلطیوں کی معافی مانگنے کا ہے۔ ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ رمضان کی عبادتیں قبول فرمائے اور اگلا سال امن و برکت والا بنائے مولانا نظام الدین اشاعتی نائب صدر جمعیتہ علماء سوپول نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو حقیقی خوشیوں اور تقویٰ سے نوازے۔ خوشیاں بانٹیں، نفرتیں مٹائیں اور ایک دوسرے کیلئے دعائیں کریں، امن وامان کے ساتھ عیدالفطر منائیں ہر طرح کی افواہ سے بچیں اپنی اس خوشی میں غیرمسلم بھائیوں کو بھی شریکِ رکھیں ۔