تاثیر 23 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
تہران،23مارچ:ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے چوتھے ہفتے میں مسلسل جاری رہنے کے دوران اسرائیلی غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی موساد نے ان ایرانیوں سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے جنہیں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات تک رسائی حاصل ہے۔ ایجنسی نے ٹیلی گرام ایپ پر اپنے فارسی زبان کے چینل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اگر آپ کو جوہری صنعت کے شعبے میں معلومات تک رسائی حاصل ہے تو ہم سے بات کریں، ہمارے ساتھ آپ کا مستقبل محفوظ رہے گا۔ ہم سے محفوظ چینل کے ذریعے رابطہ کریں۔”یروشیلم پوسٹ “ کے مطابق موساد کی یہ کال تہران کے اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں نے ہفتے کے روز نطنز کی جوہری تنصیب کو نشانہ بنایا۔ موساد نے 28 فروری کی صبح ٹیلی گرام پر اپنا “خصوصی” چینل اس وقت شروع کیا تھا جب اسرائیل اور امریکہ نے ایران کے خلاف جنگ کا آغاز کیا تھا۔ موساد نے چینل کے آغاز کے اعلان میں اس بات پر زور دیا کہ ایرانی عوام اکیلے نہیں ہیں۔ موساد نے ایرانیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ نظام کے خلاف اپنی منصفانہ جدوجہد کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کریں۔جنگ کے آغاز سے ہی اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی تقریباً روزانہ کی بنیاد پر پوسٹس نشر کر رہی ہے جس میں ایرانیوں سے تصاویر بھیجنا جاری رکھنے کی درخواست کی جاتی ہے۔ گزشتہ ہفتے باخبر ذرائع نے بتایا کہ عام ایرانی شہریوں نے اسرائیل کو معلومات بھیجنا شروع کر دی ہیں۔ وال سٹریٹ جنرل کے مطابق بھیجی گئی معلومات میں ایسی تفصیلات شامل تھیں جن کی مدد سے اسرائیلی ” ہرمیس “ ڈرون نے دارالحکومت تہران میں باسیج ملیشیا کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔اسرائیل کی یہ بار بار کی کالز ایرانی حدود کے اندر اسرائیلی دراندازی کے بڑھتے ہوئے شواہد کے ساتھ سامنے آئی ہیں۔ یہ کالز گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران ایران کے اعلیٰ سیاسی اور فوجی رہنماوں کی درجنوں ٹارگٹ کلنگ کے بعد بھی سامنے آئی ہیں۔ یہ ایک واضح انٹیلی جنس دراندازی ہے۔یہ دراندازی سوشل میڈیا پر حال ہی میں پوکیمون گو (Pokémon GO) گیم کے بارے میں پیدا ہونے والے شور کے ساتھ بھی ہم آہنگ ہے۔

