چیف سکریٹری نے ایندھن اور گیس کی سپلائی اور تقسیم کا جائزہ لیا

تاثیر 25 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں، 25 مارچ: جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اٹل ڈلو نے پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور تقسیم کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں مختلف اضلاع میں سپلائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سینئر افسران اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس دوران چیف سکریٹری کو بتایا گیا کہ جموں و کشمیر میں پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی سمیت دیگر ایندھن کا مجموعی ذخیرہ مستحکم ہے اور فی الحال کسی قسم کی قلت کا سامنا نہیں ہے۔

چیف سکریٹری نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ یا زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر کڑی نگرانی ضروری ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں سپلائی کی صورتحال پر قریبی نظر رکھیں اور اس حوالے سے باقاعدہ رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایل پی جی کی فراہمی تمام مستحق صارفین تک بروقت پہنچائی جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پیٹرول کا ذخیرہ تقریباً 9 سے 10 دن، ڈیزل کا 16 سے 17 دن جبکہ ایل پی جی کا 12 سے 13 دن کے لیے دستیاب ہے، جس سے سپلائی کا سلسلہ برقرار ہے۔ حکام کے مطابق گھریلو ایل پی جی کی طلب مکمل طور پر پوری کی جا رہی ہے اور شہری و دیہی علاقوں میں مناسب ذخیرہ موجود ہے۔

چیف سکریٹری نے آئل کمپنیوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے ڈیلر پوائنٹس اور ڈپو پر مناسب ذخیرہ برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے ایل پی جی کی گھر گھر فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔