تاثیر 26 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ہاوڑہ, 26 مارچ (تاثیر بیورو) عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر ہوڑہ کے بالی علاقے میں سماجی ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کی ایک خوبصورت مثال دیکھنے کو ملی۔ اس موقع پر ترنمول کانگریس کے بالی بلاک اسپورٹس سیل کی جانب سے پارٹی امیدوار کیلاش مشرا کو شاندار انداز میں اعزاز سے نوازا گیا۔
مقامی سطح پر منعقدہ اس تقریب میں مختلف سماجی و سیاسی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ترنمول کانگریس کے بالی بلاک اسپورٹس سیل کے صدر امتیاز انصاری نے کیلاش مشرا کو گلدستہ پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تہوار صرف خوشیاں منانے کا ذریعہ نہیں بلکہ سماج میں اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا بہترین موقع بھی ہوتے ہیں۔
تقریب میں سماجی کارکن بدر الدجیٰ انصاری، اسپورٹس سیل کے رکن بیرو خان، وارڈ نمبر 18 کے صدر اجمل حسین اور امتیاز بھارتی سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔ سبھی نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کیا۔
اس موقع پر “سنکلپ ٹو ڈے” تنظیم کی جانب سے بھی ایک خصوصی اعزازی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ڈاکٹر سی۔پی۔ ورما نے کیلاش مشرا کو روایتی پگڑی پہنا کر عزت بخشی اور مزدوروں کے مسائل سے متعلق ایک میمورنڈم پیش کیا، جبکہ ڈاکٹر ایس۔کے۔ سنگھ نے انہیں شال اوڑھا کر اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تنظیم کے سکریٹری امتیاز بھارتی نے مٹھائیاں پیش کرتے ہوئے عید کی مبارکباد دی اور کہا کہ اس طرح کے پروگرام سماج میں مثبت سوچ اور یکجہتی کو فروغ دیتے ہیں۔
تقریب میں محمد مصطفیٰ انصاری، سلیمان خان (اقلیتی سیل، بالی بلاک)، جانم انصاری اور محمد شاکر سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ سبھی نے گلے مل کر عید کی خوشیاں بانٹیں اور سماجی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
تقریب کے اختتام پر مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ بالی علاقہ ہمیشہ سے مختلف مذاہب اور برادریوں کے درمیان بھائی چارے اور ہم آہنگی کی ایک روشن مثال رہا ہے، اور عیدالفطر جیسے تہوار اس روایت کو مزید مستحکم کرتے ہیں۔
یہ تقریب محض ایک اعزازی پروگرام نہیں بلکہ سماجی اتحاد، باہمی تعاون اور مشترکہ تہذیب کی ایک جیتی جاگتی تصویر بن کر سامنے آئی، جس نے یہ پیغام دیا کہ ہماری اصل طاقت ہماری تنوع میں پوشیدہ ہے۔

