حکومتِ دہلی کی محکمہ آیوش کی جانب سے آیوش ڈاکٹروں کے لئے بچوں کی نگہداشت پر تربیتی پروگرام

تاثیر 26 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 26 مارچ :حکومت ِقومی دارالحکومت علاقہ دہلی کے محکمۂ آیوشنے بچوں کی بہتر نگہداشت اور ہنگامی طبی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے میڈیکل افسران اور طلبہ کے لیے ایک اہم تربیتی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔’’سیونگ بیبیزسیونگ انفینٹس‘‘ کے عنوان سے منعقدہ یہ عملی ورکشاپس آیورویدک اینڈ یونانی طبیہ کالج و اسپتال میں 23 مارچ سے 28 مارچ 2026 تک جاری ہیں۔ اس منفرد اقدام کا مقصد آیوش ڈاکٹروں کو بچوں میں جان لیوا طبی علامات کی بروقت شناخت، ابتدائی طبی استحکام اور فوری ریفرل کے درست فیصلے کرنے کی پیشہ ورانہ مہارت فراہم کرنا ہے۔
ہندوستان میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کی اموات کی شرح، جو کہ تقریباً 32.6 فی ایک ہزار زندہ پیدائش ہے، ایک بڑا چیلنج ہے اور نمونیا و انفیکشن جیسی بیماریوں پر بروقت قابو پا کر ان اموات کو روکا جا سکتا ہے۔ چونکہ دہلی کی 207 آیوش ڈسپنسریاں عوامی سطح پر صحت کا پہلا مرکز ثابت ہوتی ہیں، اس لیے ان ڈاکٹروں کی تربیت نہایت اہمیت کی حامل ہے۔