تاثیر 27 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 27 مارچ: مغربی ایشیا کے بحران کی وجہ سے مرکزی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر خصوصی اضافی ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیٹرول پر خصوصی اضافی ایکسائز ڈیوٹی 10 روپے فی لیٹر کم کردی گئی ہے۔ اس کمی کے بعد پیٹرول پر خصوصی اضافی ایکسائز ڈیوٹی 13 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 3 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل پر خصوصی اضافی ایکسائز ڈیوٹی کو کم کر کے صفر کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل ڈیزل پر 10 روپے فی لیٹر کی شرح سے خصوصی اضافی ایکسائز ڈیوٹی عائد کی جاتی تھی۔ مرکزی حکومت کے اس قدم سے صارفین کو راحت ملنے کی امید ہے۔
مغربی ایشیا میں جاری جنگ نے خام تیل اور گیس کی عالمی سپلائی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ آبنائے ہرمز کے ذریعے خام تیل کی سپلائی تقریباً بند ہو گئی ہے۔ اس سے مانگ کے مقابلہ میں سپلائی میں نمایاں کمی آئی ہے، جس سے خام تیل کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ اس جنگ کے دوران کئی خلیجی ممالک پر حملوں سے خام تیل کی سپلائی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

