تاثیر 28 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مدھے پورہ، 28 مارچ:ضلع میں جمعہ کی دیر رات ایک المناک سڑک حادثہ نے چارخاندانوں کی خوشیاں چھین لی۔ دینا بھدری میلے سے واپس لوٹ رہے چار دوستوں کی کار بے قابو ہو کراراتھانہ علاقہ کے قریب پل کی ریلنگ توڑتے ہوئے ندی میں گر گئی۔جس سے تین نوجوانوں کی موت ہوگئی جبکہ چوتھے کی تلاش جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق نوجوان رات 9 بجے کے قریب اسٹیشن چوک سے مدھے پورہ لوٹ رہے تھے۔ جمعہ کی رات دینابھدری میلے کا دورہ کرنے کے بعد 12:30 بجے کے قریب، تیز رفتار کار نے پل پر کنٹرول کھو دیا، ریلنگ ٹوٹ گئی اور تقریباً 20 فٹ ندی میں جاگری۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ندی میں گرنے پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن شروع کیا۔کافی کوششوں کے بعد تین لاشیں ندی سے نکالی گئیں جبکہ چوتھے کی تلاش جاری ہے۔ بعد ازاں انتظامیہ نے چوتھے متوفی کی شناخت کی تصدیق کردی۔ پانی کی سطح زیادہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ حادثے کا شکار ہونے والی کار کو بھی ندی سے نکال لیا گیا ہے۔حادثے میں اپنی جانیں گنوانے والوں کی شناخت گھنشیام کمار (28)، ولد آنجہانی ومل یادو ساکن وارڈ 23، اسٹیشن چوک، مدھے پورہ، انکت کمار (27) ولد منوج کمار، ساکن مکامہ،تھانہ بسانی ، ضلع سہرسہ ، بسنت کمار ولد پرمود یادو ساکن سور بازار سہرسہ اور ساگر کمار وارڈ 14 ، جے پال پٹی، ٹاؤن تھانہ ، مدھے پورہ ہیں۔ تمام آپس میں دوست تھے اور ساتھ میں میلے سے واپس آرہے تھے۔

