تاثیر 30 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 29 مارچ:وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کو کھیلوں کے میدان میں ابھرتا ہوا اہم مرکز قرار دیتے ہوئے جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم کو اپنی پہلی رنجی ٹرافی جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات کے 132ویں ایڈیشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہبلی، کرناٹک میں کھیلے گئے فائنل میں جموں و کشمیر کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرناٹک کرکٹ ٹیم کو شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ تقریباً سات دہائیوں کے طویل انتظار کے بعد حاصل ہونے والی یہ کامیابی نہایت خوش آئند ہے اور اس سے کھلاڑیوں سمیت پورے خطے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔مودی نے ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر عاقب نبی کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیزن میں 60 وکٹیں لے کر قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں کھیلوں کے لیے غیر معمولی جذبہ پایا جاتا ہے اور اب یہ خطہ بڑے اسپورٹس ایونٹس کے انعقاد کے حوالے سے بھی تیزی سے اپنی شناخت بنا رہا ہے۔

