تاثیر 30 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 29 مارچ : جموں و کشمیر حکومت نے ہفتہ کے روز اسمبلی میں انکشاف کیا کہ سال 2022 کے بعد سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کل 3,192 اسکول ایسے ہیں جہاں طلبہ کی تعداد 10 سے کم یا بالکل صفر ہے، جبکہ ان اسکولوں میں 2,518 اساتذہ تعینات ہیں۔یہ معلومات وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے بی جے پی کے رکن اسمبلی رنبیر سنگھ پٹھانیا کے سوال کے تحریری جواب میں فراہم کیں، جس میں ڈویژن وائز ایسے اسکولوں اور عملے کی تفصیلات پیش کی گئیں۔اعداد و شمار کے مطابق جموں ڈویژن میں 1,494 اسکول ایسے ہیں جہاں داخلہ 10 سے کم یا صفر ہے، جن میں 1,934 اساتذہ تعینات ہیں، جبکہ کشمیر ڈویژن میں 1,698 اسکول ایسے ہیں جہاں 584 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔جموں ڈویژن میں کٹھوعہ ضلع ایسے اسکولوں کی تعداد کے لحاظ سے سرفہرست ہے جہاں 508 اسکولوں میں داخلہ نہ ہونے کے برابر ہے، اس کے بعد ادھم پور (188)، راجوری (174)، ریاسی (161) اور جموں (130) کا نمبر آتا ہے۔ دیگر اضلاع میں ڈوڈہ (111)، کشتواڑ (89)، سانبہ (60)، رام بن (56) اور پونچھ (17) شامل ہیں۔

