تاثیر 30 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نوئیڈا، 29 مارچ :: سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے اتوار کو دادری کے مہر بھوج ڈگری کالج میں منعقد “بھائی چارہ ریلی” سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بی جے پی اقتدار میں ہے، ملک کا آئین خطرے میں رہے گا۔
بھیم راو¿ امبیڈکر کا حوالہ دیتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ بابا صاحب نے ملک کو ایک مضبوط آئین دیا جو کسی بھی ہتھیار سے زیادہ طاقتور ہے، لیکن بی جے پی کو اس آئین پر بھروسہ نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ “ملک میں 5 فیصد لوگ 95 فیصد آبادی کا استحصال کر رہے ہیں” اور ان کی لڑائی اس عدم مساوات کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں امتیازی سلوک اور جبر کا درد وہی لوگ محسوس کر سکتے ہیں جو اسے صحیح معنوں میں سمجھ سکتے ہیں۔ اپنے تجربات کا اشتراک کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ حکومت کھونے کے بعد ان کے گھر کو گنگا کے پانی سے دھونے اور مندر جانے کے بعد اسے دھونے جیسے واقعات نے انہیں گہرا صدمہ پہنچایا۔
ایس پی سربراہ نے “پی ڈی اے کمیونٹی” (او بی سی، دلت اور اقلیتوں) سے متحد ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب سماجی انصاف کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک کسی کو مٹانے کے لیے نہیں بلکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں دو طرح کے لوگ ہوتے ہیں ایک استحصال کرنے والے اور استحصال سے متائثرہونے والے۔ اس کا مقصد استحصال زدہ لوگوں کے حقوق اور احترام کو یقینی بنانا ہے۔

