تاثیر 31 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) بہار کے میٹرک امتحان کے نتائج جاری ہونے کے بعد روہتاس ضلع دریگاؤں تھانہ علاقہ کے فضل گنج کے ایک طالب علم نے آج کی گزری شام خودکشی کر لی ۔ طالب علم کی لاش چھت کے نیچے پڑی ہوئی ملی، جہاں ایک ہجوم جمع ہو گیا ۔ پولس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ۔ ہلاک ہونے والے طالب علم کا نام ہری اوم عرف پریانشو کمار تھا جو ستیندر پاسوان کا 17 سالہ بیٹا تھا ۔ وہ اس سے قبل چار مرتبہ میٹرک کا امتحان دے چکا تھا تب بھی ناکام ہوا تھا ۔ دریگاؤں پولس اسٹیشن سربراہ نتیش کمار نے بتایا کہ معاملہ زیر غور ہے اور پولس تمام پہلوؤں کی جانچ کر رہی ہے ۔ معلوم ہو کہ ہری اوم اپنے گھر کی چھت سے گرا اور اسے علاج کیلئے وارانسی لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی اس کی موت ہو گئی ۔ گاؤں والوں نے یہ بھی بتایا کہ ہری اوم نے اس سال بھی میٹرک کا امتحان دیا تھا اور خراب نتائج آنے پر یہ قدم اٹھایا، ان لوگوں نے یہ بھی کہا کہ ہری اوم پچھلے چار سالوں سے میٹرک کا امتحان پاس کرنے کی کوشش کر رہا تھا ۔

