ایران میں بجلی کی تنصیبات پر حملے، پیٹروکیمیکل تنصیب کوبھی نشانہ بنایا گیا

تاثیر 31 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

تہران،30مارچ:۔عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے اتوار کو اطلاع دی کہ ایران میں خنداب کے مقام پر واقع بھاری پانی کا کارخانہ شدید متاثر ہوا ہے اور وہاں کام بند ہو گیا ہے۔روسی خبر رساں ادارے “ٹاس” کے مطابق عالمی ایجنسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر لکھا “سیٹلائٹ تصاویر کے آزادانہ تجزیے اور کارخانے سے متعلق معلومات کی بنیاد پر عالمی جوہری توانائی ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ خنداب میں بھاری پانی کے کارخانے کو، جس کے بارے میں ایران نے 27 مارچ کو حملے کی اطلاع دی تھی، شدید نقصان پہنچا ہے اور وہ غیر فعال ہو چکا ہے”۔ایجنسی نے مزید واضح کیا کہ عمارت میں کوئی “جوہری مواد” نہیں پایا گیا۔ایک اور پیش رفت میں ایرانی میڈیا نے پیر کو علی الصبح شمالی ایران کے شہر تبریز میں ایک پیٹروکیمیکل تنصیب کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاع دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس حملے سے کسی قسم کے خطرناک مواد کا اخراج نہیں ہوا۔ یہ کمپنی خام تیل یا قدرتی گیس حاصل کر کے اسے روزمرہ استعمال کی اشیائ ، جیسے پلاسٹک اور دیگر کیمیائی مصنوعات میں تبدیل کرنے کا کام کرتی ہے۔اسی دوران ایرانی وزیر توانائی عباس علی آبادی نے اتوار کو بتایا کہ دارالحکومت تہران اور صوبہ البرز میں بجلی کی تنصیبات پر حملے کیے گئے ہیں۔