جماعت اسلامی ہند (شعبہ خواتین) دربھنگہ کی جانب سے عید ملن تقریب کا انعقاد

تاثیر 31 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ،(فضاامام):جماعت اسلامی ہند، شعبہ خواتین، دربھنگہ کے زیر اہتمام ایک شاندار عید ملن تقریب کا انعقاد 29 مارچ بروز اتوار سہ پہر 3 بجے، شہر کے الہلال نرسنگ ہوم و ہسپتال کے قریب واقع اقبال لائبریری کے وسیع ہال میں کیا گیا۔ اس تقریب میں دربھنگہ شہر اور مضافاتی علاقوں سے خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔تقریب کی صدارت محترمہ رضیہ خاتون (رکن و نائب ناظمہ، جماعت اسلامی ہند دربھنگہ) نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض ذاکرہ فرحین (رکن جی آئی او) اور محترمہ منت آراء (کارکن، جماعت اسلامی دربھنگہ و ٹیچر ایچ بی صغریٰ حسن میموریل اردو گرلس ہائی اسکول) نے بخوبی انجام دیے۔پروگرام کا آغاز تسنیم انور (ممبر جی آئی او) کی تلاوتِ قرآن پاک (سورہ الاعلیٰ) سے ہوا۔ اس کے بعد محترمہ رمشہ نیر نے حدیث پیش کرتے ہوئے رمضان المبارک کی برکتوں، رحمتوں اور روحانی و معاشرتی فوائد پر روشنی ڈالی۔ منت غیاث نے “چاند نے خبر دی عید آئی ہے” کے عنوان سے خوبصورت نظم پیش کی، جبکہ ثمیہ اختر نے حمد باری تعالیٰ پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا۔ندرت جہاں (رکن جماعت اسلامی دربھنگہ و سابق پرنسپل، ایچ بی صغریٰ گرلس ہائی اسکول) نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے عید کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایسے پروگرام آپسی محبت، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرنے والوں میں شگفتہ نگار (لیکچرر ملت کالج)، نکہت جہاں (ڈائریکٹر القلم اکیڈمی)، خدیجہ، صابرہ ترنم، فرحت جہاں، ثنا، رابعہ سیمی، سنجیدہ خاتون، جویریہ، ماہ لقا، گلشن آراء، نشاط فاطمہ، صبیحہ خاتون، نکہت پروین، فرزانہ خانم، نغمہ بنت شہناز بیگم، نفیسہ خاتون سمیت دیگر خواتین و طالبات شامل تھیں۔ مقررین نے رمضان المبارک اور عید الفطر کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اپنے صدارتی خطاب میں محترمہ رضیہ خاتون نے کہا کہ اسلام ایک مکمل دین ہے اور اللہ کے احکامات کی پیروی ہر مسلمان کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے نبی اکرم حضرت محمد ﷺ کی سیرت کو انسانیت کے لیے بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے اتحاد و محبت کو فروغ دینے پر زور دیا۔تقریب میں موجود شرکاء نے ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارکباد دی اور خوشگوار ماحول میں باہمی محبت کا اظہار کیا۔ آخر میں محترمہ شہناز بیگم کی علالت کے سبب ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔پروگرام کے اختتام پر شرکاء کی تواضع سویاں اور لچھوں سے کی گئی، اور اس طرح یہ بابرکت محفل اختتام پذیر ہوئی۔