بھارتی تجارتی وفد کا چین کا دورہ، کاروبار کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال

تاثیر 31 مارچ ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

شنگھائی، 31 مارچ: شنگھائی میں قونصلیٹ جنرل آف انڈیا نے پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (پی ایچ ڈی سی سی آئی) کے کارپوریٹ وفد کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی کاروباری گول میز کا اہتمام کیا۔ اس میٹنگ کا بنیادی مقصد عالمی تجارتی شراکت داری کو مضبوط بنانا اور ہندوستان اور چین کے درمیان پائیدار اقتصادی تعاون کو فروغ دینا تھا۔

اعلیٰ سطحی کاروباری گول میز کانفرنس کا افتتاح ہندوستانی قونصل جنرل پر تیک ماتھر نے کیا۔ انہوں نے وفد کا خیرمقدم کیا اور ہندوستان کے شاندار اقتصادی ترقی کے سفر پر روشنی ڈالی۔ ماتھر نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت کے طور پر ابھر رہا ہے اور دنیا کی سب سے کم عمر آبادی میں سے ایک ہے، جس سے بین الاقوامی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

اپنے خطاب کے دوران، پر تیک ماتھر نے نئی اور قابل تجدید توانائی، برقی گاڑیاں (ای وی)، کنیکٹیویٹی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ساتھ ساتھ انفارمیشن اور ٹیکنالوجی کی صنعت سمیت کئی ابھرتے ہوئے شعبوں میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شعبے پائیدار ترقی کے خواہاں ہندوستانی اور عالمی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے لیے اہم امکانات پیش کرتے ہیں۔