تاثیر 1 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، یکم اپریل:۔جموں و کشمیر اسمبلی میں بدھ کے روز ایک غیر معمولی اتفاقِ رائے دیکھنے کو ملا جب مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین نے افسران کی گیلری میں سینئر افسران کی عدم موجودگی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس معاملے پر اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی توجہ مبذول کرائی۔یہ مسئلہ نیشنل کانفرنس کے رکن اسمبلی نذیر احمد گریزئی نے سوالیہ گھنٹے کے اختتام پر اٹھایا، جس پر حکومتی اور اپوزیشن دونوں بینچوں کے اراکین نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکراحتجاج کیا اور ان کی تائید کی۔ اسپیکر نے احتجاج کرنے والے اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ ایوان نے ان کے تحفظات کا نوٹس لیا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ محکموں کے افسران کی موجودگی اس وقت لازمی ہے جب ان کے شعبوں سے متعلق سوالات زیرِ بحث آئیں۔ انہوں نے کہا کہ جگہ کی کمی کے باعث پورا سکریٹریٹ موجود نہیں ہو سکتا، تاہم وزیر اعلیٰ کو یقینی بنانا ہوگا کہ متعلقہ افسران ایوان میں موجود رہیں، نوٹس لیں اور اراکین کے سوالات کا تسلی بخش جواب دیں۔

