تاثیر 3 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتہ، 3 اپریل : وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے 2026 کے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے قبل جنوبی دیناج پور ضلع کے ہریرام پور میں ایک انتخابی ریلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر سخت حملہ کیا۔ وہ جمعہ کو یہاں ترنمول کانگریس امیدوار کی حمایت میں ایک ریلی سے خطاب کر رہی تھیں۔
امت شاہ کے انتخابات سے قبل ریاست میں 25 دن کے قیام کے اعلان پر طنز کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ اگر وہ ریاست میں 25 کے بجائے 365 دن رہیں تو بھی اس سے ترنمول کانگریس کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جتنے زیادہ لوگ ان کا چہرہ دیکھیں گے، اتنا ہی بی جے پی کے ووٹ شیئر میں کمی آئے گی۔ وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ ان کے چہرے پر مظالم اور فسادات کے نشانات ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ بی جے پی سیٹوں کی تقسیم کے ذریعہ بنگال کو تقسیم کرنے کی سازش کررہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہار اور مغربی بنگال کے کچھ حصوں کو ملا کر ایک الگ ریاست بنانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ تاہم، انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بی جے پی کو 2026 کے انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

