ادھمپور میں پولیس کا ایس پی او بدعنوانی کے معاملے میں نوکری سے برطرف

تاثیر 5 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 05 اپریل :جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں ایک خصوصی پولیس افسر (ایس پی او) کو مبینہ سنگین بدعنوانی کے الزام میں فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔حکام کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ادھم پور نے ایس پی او شبیر خان کے خلاف محکمانہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی۔ انکوائری میں انکشاف ہوا کہ مذکورہ اہلکار مویشی اسمگلنگ کے ایک ملزم کو حساس معلومات فراہم کر رہا تھا۔پولیس حکام نے بتایا کہ ایس پی او واٹس ایپ کے ذریعے ملزم کو اطلاع دیتا تھا تاکہ وہ ناکہ چیکنگ سے بچ سکے۔ اس سلسلے میں تھانہ ادھم پور میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 223 اور پریوینشن آف کروئلٹی ٹو اینیملز ایکٹ کی دفعہ 11 کے تحت مقدمات درج ہیں۔حکام کے مطابق واٹس ایپ چیٹس اور گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر ایس پی او کا جرم ثابت ہوا۔ پولیس نے اس عمل کو شدید بدانتظامی اور سرکاری عہدے کے غلط استعمال کی سنگین مثال قرار دیا۔ادھم پور پولیس نے واضح کیا ہے کہ محکمہ میں بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور آئندہ بھی قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔