بکسر میں شادی کے نام پر دھوکہ دہی : نقلی دلہن گروہ کا انکشاف، 9 ملزمین گرفتار

تاثیر 11 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بکسر، 10 اپریل: بہار کے بکسر میں ایک چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں پولیس نے شادی کی آڑ میں لوگوں کو دھوکہ دینے والے گروہ کا انکشاف کیا ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے فرضی دلہن، اس کے اہل خانہ اور فرضی پولیس افسر سمیت کل 9 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ بکسر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ شبھم آریہ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اتر پردیش کے کانپور کی رہنے والی راما دیوی نے مفصل تھانہ میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ شکایت کے مطابق کوران سرائے تھانہ علاقہ کے کلا وتی دیوی اور ان کے شوہر رمیش گونڈ نے شادی کرانے کا جھانسہ دے کر رما دیوی کے دیور کو بلایا۔الزام ہے کہ 7 اپریل کو انہیں فرید آباد سے بکسر لے جایا گیا، جہاں ان کے ساتھ دھودہی کی گئی۔ پولیس معاملے کی سنجیدگی سے تفتیش کر رہی ہے اور ملزم کی تلاش کر رہی ہے۔معلومات کے مطابق ملزمین نے ابتدائی طور پر شادی کا بندوبست کرنے کے نام پر 50 ہزار روپے اور زیورات کا مطالبہ کیا۔ بعد میں 40 ہزار روپے اور کچھ زیورات میں سودا طے پایا۔ 8 اپریل کو متاثرہ کے دیور ونے اور ملزم دلہن نیتو کی کورٹ میرج کرائی گئی تھی۔ اس کے بعد شادی کی رسمیں پوری کرنے کے نام پر تمام لوگ مفصل تھانہ علاقہ کے مہادیو گنگا گھاٹ پہنچے۔ رسم کے دوران دلہن کو زیورات بھی دئے گئے۔ لیکن وداعی کے دوران دو نوجوان موٹرسائیکل پر پہنچے اور پولیس اہلکار ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے سب کو تھانہ لے جانے کی دھمکی دینے لگے ۔ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دلہن اور اس کا ساتھی نقدی اور زیورات لے کر فرار ہو گئے۔ ٹھگی کا احساس ہونے پر لڑکا فریق نے فوراً ڈائل 112 پر کال کر کے پولیس سے مدد طلب کی۔