تاثیر 11 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کانکیر، 10 اپریل: چھتیس گڑھ کے کانکیر ضلع کے کوتوالی تھانہ علاقے میں ناتھیا نواگاو¿ں کے قریب جمعرات کی دیر رات دو کاروں کی آمنے سامنے سے ٹکر ہو گئی۔ حادثے میں چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گئے۔
کوتوالی پولیس سے ملی اطلاع کے مطابق، حادثہ رات تقریباً 11 بجے پیش آیا۔ یہ خاندان کانکیر کے اڑکوڈا کا رہنے والاتھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ تمام لوگ چیو رانج میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد اپنے گاو¿ں اڑکوڈا واپس آ رہے تھے کہ ناتھیا ناواگاو¿ں کے قریب ان کی کار ایک دوسری کار سے ٹکرا گئی۔ دونوں کاروں کی رفتارتیز تھی اورٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ ایک ہی خاندان کی تین خواتین، دو مرد اور ایک بچے کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ دوسری کار میں سوار تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس انتظامیہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ اس وقت زیر علاج ہیں۔ کانکیر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نکھل راکھیچا نے بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ تینوں زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے کانکیر ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق تمام کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں مسلسل نگرانی میں رکھا جا رہا ہے۔ پولیس فی الحال پورے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔

