تاثیر 11 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 10 اپریل: صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے ہری ونش نارائن سنگھ کو راجیہ سبھا کا نامزد رکن مقرر کیا ہے۔ جمعہ کو جاری کردہ وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق،ایک رکن کے ریٹائرمنٹ کے بعد خالی ہوئی سیٹ پر صدر جمہوریہ نے انہیں نامزد کیا ہے جن کی مدت 9 اپریل کو ختم ہوئی تھی۔یہ سیٹ سابق چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی کے ریٹائر ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ حکومت کے باقاعدہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے ’’آئین ہند کے آرٹیکل 80 کی شق (1) کی ذیلی دفعہ (اے )کے ذریعہ حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اور مذکورہ آرٹیکل کی شق (3) کے تحت صدر جمہوریہ نے ہری ونش نارائن سنگھ کو راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر نامزد کیا ہے تاکہ نامزد کردہ رکن کے سبکدوش ہونے سے پیدا ہونے والی خالی سیٹ کو پْر کیا جاسکے۔

