تاثیر 11 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
امرتسر، 10 اپریل :خالصہ ساجنا دیوس (ویساکھی) کے مبارک موقع پر پاکستان کے تاریخی گرودواروں کے درشن کے لیے ہندوستان بھر سے تقریباً 2840 سکھ عقیدت مند جمعہ کی صبح اٹاری-واہگہ سرحد کے راستے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے۔
شرومنی گرودوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی ) کی طرف سے تقریباً 1,763 عقیدتمندوں کا ایک خصوصی جتھاروانہ کیا گیا۔اس کے علاوہ، دہلی سکھ گرودوارہ پربندھک کمیٹی، ہریانہ کمیٹی اور دیگر ریاستوں کے عقیدت مند بھی اس جتھے میں شامل ہیں۔ کل 2,840 یاتری خالصہ ساجنا دیوس منانے اور گردواروں کی زیارت کے لیے پاکستان کا سفر کر رہے ہیں۔
اس جتھے کی قیادت ایس جی پی سی ممبر سرجیت سنگھ تگلوال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھ عقیدت مند اپنے گرودواروں میں جانے میں گہری عقیدت اور یقین رکھتے ہیں۔ یہ جتھاپاکستان میں گرودوارہ ننکانہ صاحب، گرودوارہ شری پنجہ صاحب (حسن ابدال) اور دیگر تاریخی گرودواروں میں متھاٹیکے گا اور مرکزی اجتماع میں شرکت کے بعد 19 اپریل کو ہندوستان واپس آئے گا۔ عقیدت مندوں کو 10 دن کا ویزہ جاری کیا گیا ہے۔
ایس جی پی سی حکام نے بتایا کہ اس جتھے کے لیے 1,795 پاسپورٹ پاکستانی سفارت خانے کو بھیجے گئے تھے اور ان میں سے 1,763 کو ویزے جاری کیے گئے، جب کہ 32 عقیدت مندوں کی ویزا درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔جن عقیدت مندوں کو ویزا نہیںمل سکا ہے،ان میں مایوسی نظر آئی۔
عقیدت مندوں نے دونوں ممالک کی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویزے دیں تاکہ ہر کوئی اپنے گرودھاموں پر حاضری دے سکے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کرتار پور کوریڈور کو مزید قابل رسائی بنایا جائے اور پاکستانی حکومت کی طرف سے عائد 20 ڈالر کی فیس معاف کی جائے۔

