تاثیر 12 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفیٰ) اتربیل بھرواڑہ سڑک پر ہفتہ کی دوپہر نگر پنچایت سنگھواڑہ پل کے قریب ٹیمپو اسٹینڈ پر سبزی سے لدا ایک ٹیمپو الٹ گیا۔ اس کی زد میں آ کر ایک نوجوان لڑکی کی موت ہو گئی جبکہ اس کے والد زخمی ہو گئے متوفیہ کی شناخت مظفرپور ضلع کے کٹرہ تھانہ علاقے کے چیچری گاؤں کی شالینی کماری21 سالہ کے طور پر ہوئی ہے۔ لڑکی کے والد ہری کشور گپتا کو تشویشناک حالت میں ڈی ایم سی ایچ ریفر کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق سبزی سے لدا ٹیمپو بھرواڑہ کی طرف جا رہا تھا۔ اوورلوڈ ٹیمپو پر سبزی کے اوپر کچھ لوگ بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ تیز رفتار ٹیمپو جیسے ہی سنگھواڑہ ٹیمپو اسٹینڈ کے قریب پہنچا تو ایک موٹر سائیکل سوار کو بچانے کے لیے ڈرائیور نے بریک لگایا۔ اسی دوران ٹیمپو سڑک پر الٹ گیا۔ اس کی زد میں آ کر لڑکی اور اس کے والد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد ٹیمپو ڈرائیور اور اس پر سوار لوگ موقع سے فرار ہو گئے۔
مقامی لوگوں نے ٹیمپو کے نیچے پھنسے لڑکی اور اس کے والد کو سی ایچ سی پہنچایا، جہاں ایم او آئی سی ڈاکٹر پریم چند نے لڑکی کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ اس کے والد کو ابتدائی علاج کے بعد ڈی ایم سی ایچ ریفر کر دیا گیا۔ موقع پر پہنچی سنگھواڑا تھانہ کی پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایم سی ایچ بھیج دیا۔ پل پر مچھلی بازار اور ٹیمپو اسٹینڈ پر غیر قانونی وصولی کا کھیل جاری ہے اور انتظامیہ خاموش ہے
مقامی دیہاتیوں نے بتایا کہ نگر پنچایت سنگھواڑہ میں اتربیل بھرواڑہ مین سڑک پر پل کے اوپر روزانہ بے ترتیب انداز میں مچھلی بازار لگتا ہے، جس سے اسٹیٹ ہائی وے کی سڑک تنگ ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ پل کے پاس غیر قانونی طور پر ٹیمپو اسٹینڈ بھی چلایا جا رہا ہے، جہاں انتظامیہ کی ناک کے نیچے کھلے عام گاڑی چلانے والوں سے غیر قانونی وصولی کی جا تی ہے سڑک پر ٹیمپو اسٹینڈ اور مچھلی بازار لگنے کی وجہ سے روزانہ لوگوں کو ٹریفک جام کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کے باوجود مقامی نگر پنچایت کے افسران اور پولیس انتظامیہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں

