تاثیر 12 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 11 اپریل: مہاراشٹر کے بھایندر علاقے میں اندرا لوک فیز 4 کے ایک ریزرو پلاٹ پر قائم جھونپڑیوں میں گزشتہ رات اچانک آگ لگنے سے کم از کم 50 جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں، جبکہ اس افسوسناک واقعے میں تین افراد کی موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق آگ اندرا لوک کے قریب واقع جھگی۔جھونپڑی بستی میں لگی، جس کے بعد وہاں موجود گیس سلنڈر یکے بعد دیگرے پھٹنے لگے، جس سے آگ نے تیزی سے شدت اختیار کر لی اور بڑے علاقے کو اپنی زد میں لے لیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کارروائی شروع کی۔ فائر فائٹرز نے نہ صرف آگ پر قابو پانے کی کوشش کی بلکہ جھونپڑیوں سے گیس سلنڈر نکال کر مزید دھماکوں کو روکنے کی بھی کوشش کی۔ اس کے ساتھ ہی علاقے کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

