مہاراشٹر میں طلبہ کی حفاظت کے لیے اسکولی ٹرانسپورٹ قوانین کے سختی سے نفاذ کے اقدامات

تاثیر 12 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 11 اپریل :مہاراشٹر حکومت نے اسکولی طلبہ کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اسکول بس اور ٹرانسپورٹ نظام کے لیے سخت اور جامع قواعد نافذ کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری مسودہ اعلامیے کے مطابق ’’مہاراشٹر موٹر وہیکل (اسکول بس ریگولیشن) (اول ترمیم) قواعد، 2026‘‘ نافذ کرنے کی تجویز ہے، جس میں حفاظت، شفافیت اور جوابدہی پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ حکومت نے اس حوالے سے عوام سے 15 دن کے اندر تجاویز اور اعتراضات طلب کیے ہیں۔نئے قواعد کے تحت اسکولی بسوں کے کرایے کا تعین اب علاقائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کرے گی اور طلبہ سے صرف ماہانہ فیس ہی وصول کی جا سکے گی، جبکہ پیشگی رقم لینے پر پابندی عائد کی جائے گی، جس سے والدین کو مالی راحت ملنے کی توقع ہے۔ہر اسکول میں اسکول ٹرانسپورٹ کمیٹی قائم کی جائے گی، جو کرایہ، حفاظت اور خدمات سے متعلق والدین کی شکایات کا ازالہ کرے گی۔ اس کمیٹی کے لیے سہ ماہی رپورٹ پیش کرنا بھی لازمی ہوگا۔حفاظتی اقدامات کے تحت تمام اسکولی بسوں اور وین میں جی پی ایس پر مبنی وہیکل لوکیشن ٹریکنگ ڈیوائس (VLTD)، پینک بٹن، فائر ڈٹیکشن اینڈ الارم سسٹم (FDAS)، سی سی ٹی وی کیمرے اور ہر نشست کے لیے سیٹ بیلٹ نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔