منشیات فروشوں کے پاسپورٹ، آدھار کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کیے جائیں گے: ایل جی

تاثیر 12 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 11 اپریل: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کے روز جموں و کشمیر میں 100 روزہ نشہ مکت مہم کا آغاز کرتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔جموں کے ایم اے سٹیڈیم میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کرنے والوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے پاسپورٹ، آدھار کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کیے جائیں گے جبکہ ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد اور جائیدادیں ضبط کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ منشیات کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے نیا ایس او پی نافذ کیا گیا ہے اور بڑے منشیات فروشوں کی شناخت تھانہ سطح پر ظاہر کی جائے گی تاکہ ان کے خلاف سخت کارروائی ممکن ہو سکے۔ایل جی سنہا نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ دہشت گردی کی مالی معاونت سے جڑی ہوئی ہے اور ایک ہمسایہ ملک اس کے ذریعے نوجوانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ بے گناہوں کو ہراساں نہ کیا جائے لیکن مجرموں کو ہرگز نہ چھوڑا جائے۔انہوں نے جموں و کشمیر بھر میں پد یاترا اور بیداری مہمات چلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ میں عوام، نوجوانوں اور سول سوسائٹی کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ایل جی نے کہا کہ آئندہ 100 دنوں میں زمینی سطح پر بیداری، تعلیمی اداروں میں کونسلنگ اور متاثرہ افراد کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نشے کے عادی افراد کو علاج اور بحالی کی مکمل سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔