ورنداون کشتی حادثہ: یمنا ندی سے مزید دو لاشیں برآمد، مرنے والوں کی تعداد 15تک پہنچی، ایک کی تلاش جاری

تاثیر 13 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

متھرا، 13 اپریل : متھرا ضلع میں دریائے یمنا میں پنجاب کے عقیدت مندوں سے بھری کشتی الٹنے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 15 ہو گئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے پیر کو دریا سے مزید دو لاشیں برآمد کی ہیں ۔ ایک شخص تاحال لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
پیر کو این ڈی آر ایف اور مقامی پولیس کی مشترکہ تلاشی مہم کے دوران یمنا ندی سے مزید دو لاشیں برآمد ہوئیں۔ ان میں سے ایک کی شناخت پنجاب کے رہنے والے یش بھلا عرف یوراج کے طور پر ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق یش بھلا ان 16 افراد میں شامل تھے جو کشتی الٹنے کے بعد یمنا کے تیزبہاؤ میں لاپتہ ہو گئے تھے۔ ان کی لاش کے سی گھاٹ کے قریب دیوراہ بابا گھاٹ کے قریب جھاڑیوں میں پھنسی ہوئی ملی۔
طویل عرصے تک پانی میں رہنے کی وجہ سے لاش مسخ شدہ حالت میں تھی۔ اس کے بعد ریسکیو ٹیم نے بنگالی گھاٹ کے قریب سے ایک جواں سال خاتون کی لاش بھی برآمد کی۔ اس کی شناخت مونیکا دوگری کے طور پر ہوئی ہے۔ کشتی حادثے میں مرنے والوں کی تعداد اب 15 تک پہنچ گئی ہے۔