رن وے کی محدود گنجائش کے باعث کرگل ایئرپورٹ پر بڑے طیاروں کی پرواز ممکن نہیں ۔ایل جی

تاثیر 15 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لداخ، 15 اپریل : لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ نے کہا ہے کہ رن وے کی محدود گنجائش کے باعث کرگل ایئرپورٹ پر بڑے طیاروں کی پرواز فی الحال ممکن نہیں، تاہم اپگریڈیشن کے بعد چھوٹے طیارے چلانے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ کا رن وے تقریباً 6 ہزار فٹ طویل، تنگ اور خستہ حال ہے، جس کے باعث بڑے طیاروں کی لینڈنگ ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ رن وے کی توسیع کے باوجود تکنیکی مسائل برقرار رہیں گے، جبکہ لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران جغرافیائی رکاوٹیں بھی درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رن وے کی مرمت کے بعد 19 سے 26 نشستوں والے چھوٹے طیارے متعارف کرائے جا سکتے ہیں، تاہم یہ فیصلہ مسافروں کی تعداد اور تجارتی بنیادوں پر کیا جائے گا۔

لیفٹیننٹ گورنر نے واضح کیا کہ ایئرپورٹ کے غیر فعال ہونے کی وجہ فضائیہ نہیں بلکہ تجارتی افادیت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے اپنے دورۂ کرگل کو کامیاب قرار دیتے ہوئے بنیادی ڈھانچے، روزگار اور ماحولیات کے شعبوں میں جاری اقدامات کا بھی ذکر کیا۔