تاثیر 16 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 16 اپریل : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ پوری دنیا اس وقت ایک سنگین اور کشیدہ صورتحال سے گزر رہی ہے، جس کے اثرات عالمی سطح پر تمام ممالک پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے ماحول میں مسائل کا حل فوجی تصادم سے نہیں بلکہ مذاکرات اور امن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
وزیر اعظم مودی نے حیدرآباد ہاؤس میں آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹاکر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور آسٹریا ،دونوں ہی یوکرین اور مغربی ایشیا جیسے حساس خطوں میں مستحکم، پائیدار اور دیرپا امن کے حامی ہیں۔ مودی نے اس بات پر زور دیا کہ بڑھتے ہوئے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے عالمی اداروں کی اصلاح ضروری ہے اور یہ کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔
وزیر اعظم نے چانسلر اسٹاکر کے دورہ ہندوستان کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چار دہائیوں کے بعد آسٹریا کے کسی چانسلر کا دورہ ہندوستان دو طرفہ تعلقات کے لیے انتہائی اہم ہے۔ 2026 میں دستخط کیے گئے ہندوستان-یورپی یونین کے آزادانہ تجارتی معاہدے نے یورپی یونین کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات میں ایک نئے باب کی نشاندہی کی ہے۔

