مرکزکی تعلیمی،سماجی اور انسانی خدمات ناقابل فراموش:سی فیضی مرکز نے 49واں یومِ تاسیس جوش وخروش کیساتھ منایا

تاثیر 17 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کالی کٹ (عبدالکریم امجدی ) ہندوستان میں اپنی نوعیت کی منفرد اور ممتاز دینی وعصری درسگاہ جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ نے 16 اپریل کو اپنا 49واں یومِ تاسیس نہایت ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ جن میں ادارے کے قیام (1978ء) سے لے کر اب تک علم، ثقافت، سماجی خدمت اور قیادت کے میدان میں اس کی روشن خدمات کو اجاگر کیا گیا۔جشن یومِ تاسیس کی مرکزی تقریب مرکز کے صدر دفتر کارنتھور کالی کٹ میں منعقد ہوئی۔اس موقع پرمعروف عالم دین اور سابق کیرالہ حج کمیٹی چیئرمین مرکز کے ڈائریکٹر جنرل سی محمد فیضی نے تقریب کا افتتاح کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں تعلیم اور سماجی خدمت ذکرکرتے ہوئے مرکز کی تعلیمی ،سماجی اور انسانی خدمات کو سراہا ۔ انہوں نے کہاکہ اتنی قلیل مدت میں جامعہ نے شیخ ابوبکر احمد کی قیادت میں ملک کی 24ریاستوں میں اپنا تعلیمی ،رفاہی اور دعوتی سینٹرس قائم کیا ہے ۔آج ہزاروں کی تعداد میںطلبہ وطالبات ابتدائی تعلیم سے لیکر اعلیٰ تعلیم وتربیت حاصل کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر مجلسِ انتظامیہ کے اراکین نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ مختلف شعبہ جات اور اداروں کے عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اس دن کو یادگار بنایا۔اس کے علاوہ ملک بھر اور بیرونِ ممالک میں قائم مرکز کے مختلف اداروں میں بھی مرکز گلوبل کونسل کے تحت، تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ جن میں طلبہ، قدیم طلبہ (المنائی)اور مرکز کے خیر خواہ نے شرکت کی۔ ان پروگراموں میں خصوصی نشستیں، یادگاری اجتماعات اور پیغامات پیش کیے گئے، جن میں ادارے کے ابتدائی سفر سے لے کر ایک نمایاں تعلیمی و تربیتی مرکز بننے تک کی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر مرکز کے بانی اور عظیم المرتبت مفتیٔ اعظم ہند حضرت شیخ ابوبکر احمد کی بصیرت افروز قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا،۔اور ادارے کے نصب العین کی تشکیل اور اس کے عالمی دائرۂ اثر کو وسعت دینے میں ان کے کلیدی کردار کو سراہا گیا۔
کالی کٹ: کامل اجتماع ھال میں منعقدہ مرکز ڈے تقریب سے خطاب کرتےہوئے ڈائیریکٹر جنرل سی محمد فیضی -تصویر میں دیگر اہم شرکاء کو بھی دیکھا جاسکتا ہے ۔