امراوتی میں ملزم کی سالگرہ پارٹی میں پولیس کی موجودگی پر ہنگامہ

تاثیر 17 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

امراوتی، 17 اپریل:مہاراشٹر کے امراوتی میں ایک سنگین معاملہ سامنے آیا ہے جہاں ایک بڑے جرم کے مرکزی ملزم ایان احمد تنویر احمد کی سالگرہ کی پارٹی میں بعض پولیس اہلکاروں کی موجودگی کا انکشاف ہونے کے بعد پولیس محکمہ میں زبردست کھلبلی مچ گئی ہے۔ اس واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد فوری طور پر جانچ کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ وشال آنند نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے قائم خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کے چھ اہلکاروں کو فوری طور پر ہٹا کر کنٹرول روم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی جانچ میں ان اہلکاروں میں سے کچھ کے ملزم کی سالگرہ پارٹی میں شریک ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنگین جرم میں ملوث ملزم کے ساتھ پولیس اہلکاروں کے تعلقات پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے اور اس معاملے کی مکمل اور گہرائی سے جانچ کی جائے گی۔ اس بات کی بھی تحقیق ہوگی کہ ان اہلکاروں کا ملزم سے کیا تعلق تھا اور وہ پارٹی میں کیوں شریک ہوئے۔