تاثیر 18 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 18 اپریل: منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت جموں کی مقامی انتظامیہ نے ہفتہ کے روز سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان ایک مبینہ منشیات فروش کی رہائشی جائیداد کو منہدم کر دیا۔ حکام کے مطابق پولیس اور انتظامیہ کی ایک بڑی ٹیم نے بیلی چرانہ علاقے میں شمس الدین عرف پپی کی ملکیت پر بلڈوزر چلا کر اسے مسمار کر دیا۔ ملزم مبینہ طور پر منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔
کارروائی کے دوران مکان کو مکمل طور پر گرا د یا گیا، جھونپڑیوں کو ہٹایا گیا جبکہ چند دو پہیہ گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے 11 اپریل کو شروع کی گئی 100 روزہ ’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کے تحت انجام دی گئی، جس کا مقصد منشیات کے کاروبار پر قابو پانا اور اس سے جڑے مالی نیٹ ورکس کو ختم کرنا ہے۔
مقامی تحصیلدار نے میڈیا کو بتایا کہ شمس الدین اس وقت جیل میں بند ہے اور اس کی جائیداد غیر قانونی آمدنی سے تعمیر کی گئی تھی، جسے ضابطے کے مطابق منہدم کیا گیا۔ حکام نے مزید بتایا کہ ملزم آر ایس پورہ کے سرحدی علاقے کا رہائشی ہے اور اس نے بیلی چرانہ میں یہ جائیداد قائم کی تھی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران جموں خطے میں 150 سے زائد منشیات فروشوں کی جائیدادیں ضبط یا مسمار کی جا چکی ہیں۔

