تاثیر 19 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
چنئی، 19 اپریل: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ڈی ایم کے اور کانگریس نے خواتین کو بااختیار بنانے والے ویمن ریزرویشن بل کو پارلیمنٹ میں پاس ہونے سے روکا۔ انہوں نے کہا کہ دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) حکومت کے تحت بدعنوانی کی انتہا اور تمل ناڈو کو کروناندھی، ان کے بیٹے اسٹالن اور پھر ان کے بیٹے کی قیادت میں خاندانی سیاست کا سامنا ہے۔
مرکزی وزیر امت شاہ تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کے دوران ایروڈ ضلع کے موڈکورچی اسمبلی حلقہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار کریتیکا کی حمایت میں ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ قبل ازیں امت شاہ کی آمد پر پارٹی کارکنوں اور حامیوں نے ڈھول اور بگل بجا کر ان کا استقبال کیا۔ امت شاہ کا روڈ شو سیواگیری گورنمنٹ ہاسپٹل علاقہ سے شروع ہوا اور انہوں نے تھیرون چناملائی کے مجسمہ کے قریب روڈ شو کا اختتام کیا اور وہاں پارٹی امیدوار کی حمایت میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔
اس موقع پر مرکزی وزیر داخلہ نے ہندی میں تقریر کی۔ انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو میں آل انڈیا انا دراوڑ منیترا کزگم (اے آئی اے ڈی ایم کے) کے جنرل سکریٹری ایڈاپڈی پلانی سوامی کی قیادت میں ایک مضبوط اتحاد قائم کیا گیا ہے۔ اگر تمل ناڈو میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) حکومت بناتی ہے تو ریاست کا کھویا ہوا وقار بحال ہو جائے گا۔ شاہ نے کہا کہ ڈی ایم کے حکومت میں پھیلی بدعنوانی ختم ہو جائے گی۔ تمل ناڈو میں خاندانی سیاست کروناندھی، ان کے بیٹے سٹالن اور پھر ان کے بیٹے چلا رہے ہیں اور سٹالن کا واحد مقصد اپنے بیٹے کو وزیر اعلیٰ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایم کے اور کانگریس نے خواتین کے حقوق دینے والے ویمن ریزرویشن بل کو پاس نہیں ہونے دیا۔ اس اتحاد نے خواتین ریزرویشن بل کو روک دیا۔

