سوپول میں پراسرار حالات میں 10 سالہ لڑکا لاپتہ

تاثیر 19 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سپول، 19 اپریل :۔ ضلع کے ندی تھانہ علاقہ کےواقع کدمہا پنچایت کے وارڈ نمبر 7 میں ایک 10 سالہ لڑکا مشتبہ حالات میں لاپتہ ہوگیا ہے۔ لواحقین کو شبہ ہے کہ اس کی موت ٹریکٹر کی ٹکر سے ہوئی اور لاش کو ثبوت چھپانے کے لیے ٹھکانے لگا دیا گیا۔

موصولہ اطلاع کے مطابق کٹایا گاؤں کے رہنے والے رنویر پنڈت کا بیٹا رام کرشنا پنڈت ہفتہ کے روز اسکول سے واپس آنے کے بعد اپنے گھر کے قریب آم کے باغ میں دوسرے بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا۔ اسی وقت کئی ٹریکٹر باغ سے گزرتے ہوئے وارڈ نمبر 6 کے رہائشی محمد ہادی کے گھر مٹی لے جا رہے تھے۔

لواحقین کا الزام ہے کہ حادثہ کے دوران بچہ ٹریکٹر سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور گھبرا گیا اور بچے کواسپتال لے جانے کے بجائے لاش کو چھپا دیا۔ دیگر ٹریکٹر ڈرائیور بھی موقع سے فرار ہو گئے۔ جب دیرشام تک بچہ گھر واپس نہ آیا تو اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کردی۔