ادھم پور میں ہولناک بس حادثہ، 21 افراد جاں بحق، 29 زخمی

تاثیر 20 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 20 اپریل :جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں پیر کے روز ایک المناک سڑک حادثے میں کم از کم 21 افراد جاں بحق جبکہ 29 دیگر زخمی ہو گئے۔حکام کے مطابق رام نگر سے ادھم پور جا رہی نجی بس کاگورٹ گاؤں کے قریب ایک تیکھے موڑ پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور تقریباً 100 میٹر نیچے جا گری۔ بس الٹ کر نیچے سڑک پر گری اور اس دوران ایک آٹو رکشہ کو بھی کچل دیا، تاہم آٹو میں سوار افراد زخمی ہونے کے باوجود بچ گئے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ادھم پور-ریاسی رینج شیو کمار شرما نے بتایا کہ 15 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ متعدد زخمیوں نے اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑا، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 21 ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس سے خدشہ ہے کہ تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔حادثے کے وقت بس میں قریب پچاس مسافر سوار تھے ۔حادثے کے فوراً بعد وہاں سے گزرنے والے فوجی قافلے نے ریسکیو آپریشن شروع کیا، جبکہ مقامی لوگوں نے بھی بڑھ چڑھ کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ بس مکمل طور پر تباہ ہو چکی تھی اور اس کا ڈھانچہ بری طرح مڑ چکا تھا، جس کے باعث زخمیوں کو نکالنے میں شدید دشواری پیش آئی۔ بعد ازاں ہائیڈرولک کرین کے ذریعے گاڑی کو سیدھا کیا گیا۔حادثے پر صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔