نائب صدر جمہوریہ نے سری لنکا میں ’انڈین ہاوسنگ پروجیکٹ‘کا جائزہ لیا

تاثیر 20 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولمبو/نئی دہلی، 20 اپریل۔ نائب صدر سی پی رادھا کرشنن سری لنکا کے دورے کے دوران پیر کو نوارا ایلیا پہنچے۔ یہاں انہوں نے ہندوستانی نژاد تمل کمیونٹی کے لیے چلائے جانے والے ’انڈین ہاو¿سنگ پروجیکٹ‘ کے مقامات کا معائنہ کیا۔ یہ اسکیم حکومت ہند کی فنڈنگ سے چلائی جارہی ہے۔ نائب صدر رادھا کرشنن اتوار سے سری لنکا کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ یہ ان کا سری لنکا کا پہلا دو طرفہ دورہ ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق، نائب صدر رادھا کرشنن، جو سری لنکا کے اپنے پہلے سرکاری دورے پر ہیں، نے آج لڈلس ڈیل اسٹیٹ، رگالا، نوارا ایلیا، سری لنکا میں’انڈین ہاو¿سنگ پروجیکٹ‘ (فیز III) کے تحت تعمیر کیے گئے مکانات کا دورہ کیا اور مستفید ہونے والوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے ہندوستانی نڑاد تامل کمیونٹی سے ملاقات پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت ہند اور ہندوستانی عوام سری لنکا میں رہنے والے تامل لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔حکومت ہند نے اب تک سری لنکا کے شمالی اور مشرقی صوبوں میں رہنے والے تامل خاندانوں کے ساتھ ساتھ پودے لگانے والے علاقوں میں رہنے والے ہندوستانی نڑاد تامل خاندانوں کے لیے 50,000 مکانات تعمیر کیے ہیں۔ ’انڈین ہاو¿سنگ پروجیکٹ‘ کے چوتھے مرحلے کے تحت مزید 10,000 مکانات فراہم کیے جائیں گے۔