ایران کا امریکہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام، جوابی کارروائی کی دھمکی

تاثیر 20 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

تہران،20اپریل:ایران نے اتوار کے روز اپنی ایک تجارتی کشتی پر امریکہ کی بحری فوج کے حملے اور اس پر فوجیوں کو اتارنے کے عمل کا جلد جواب دینے کا عہد کیا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کشتی نے ایرانی بندرگاہوں پر عائد کردہ امریکی محاصرہ توڑنے کی کوشش کی۔ٹیلی گرام پر شائع ہونے والے ایک بیان میں ’خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹرز‘ کے ترجمان نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج جلد جواب دیں گی اور مسلح قزاقی کی اس کارروائی اور امریکی فوج کے خلاف ضروری اقدامات کریں گے۔ فرانس پریس کے مطابق انہوں نے امریکہ پر فائر بندی کی خلاف ورزی کا الزام بھی عائد کیا۔یہ بیان امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اتوار کو بتایا تھا کہ ایک امریکی تباہ کن جہاز نے خلیج عمان میں ایرانی پرچم بردار مال بردار جہاز پر فائرنگ کی اور پھر اس پر قبضہ کر لیا، کیونکہ اس نے امریکہ کے نافذ کردہ بحری محاصرے کو توڑنے کی کوشش کی تھی۔