تاثیر 22 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مشرقی سنگھ بھوم، 22 اپریل:: شہر اس وقت شدید گرمی اور لو کی لپیٹ میں ہے۔ درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ اور تیز گرم ہواؤں نے عوامی زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ درجہ حرارت 42 سے 43 ڈگری تک پہنچ رہا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ دوپہر 11 بجے کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کر رہے ہیں۔ صرف ضروری کام کے لیے ہی باہر نکلتے ہیں، ورنہ بازار اور سڑکیں سنسان نظر آتی ہیں۔
گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے بھی لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ? صحت کی جانب سے انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ انتہائی ضرورت کے وقت ہی گھر سے باہر نکلیں اور لو سے بچاؤ کے اقدامات کریں۔ خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو زیادہ احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوپہر کے وقت شہر کی اہم سڑکیں تقریباً خالی دکھائی دیتی ہیں۔ بازاروں میں بھی بھیڑ کم ہو گئی ہے اور دکاندار بھی گرمی سے پریشان ہیں۔ رکشہ چلانے والے، ٹھیلے والے اور دیہاڑی مزدور سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں کیونکہ انہیں روزی کے لیے مجبوری میں دھوپ میں نکلنا پڑتا ہے۔
شدید گرمی سے بچنے کے لیے لوگ مختلف تدابیر اختیار کر رہے ہیں۔ زیادہ تر لوگ ہلکے اور سوتی کپڑے پہن رہے ہیں اور سر کو گمچھے یا ٹوپی سے ڈھانپ کر باہر نکل رہے ہیں۔ پانی، لیموں پانی، چھاچھ، ستو اور دیگر ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ بہت سے لوگ دھوپ سے بچنے کے لیے چھتری کا بھی استعمال کر رہے ہیں۔

