تاثیر 23 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گورکھپور، 23 اپریل: وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ زمینی تنازعات کو حل کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے۔ زمین کا مالکانہ حق اس کے صحیح مالک کو دیاجائے۔ اگر کسی کی زمین پر طاقتور لوگوں نے قبضہ کیا ہے تو زمین واگزار کرانے کے ساتھقصورواروں کو قانونی سبق سکھایا جائے۔ زمینوں پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور ہر کوئی خوشحال ہو۔
وزیر اعلی یوگی جمعرات کی صبح گورکھناتھ مندر میں جنتا درشن کے دوران لوگوں کے مسائل سن رہے تھے۔ وہ خود مندر کے احاطے کے مہنت دگ وجے ناتھ اسمرتی آڈیٹوریم کے باہر کرسیوں پر بیٹھے لوگوں کے پاس پہنچے اور ایک ایک کر کے سبھی کے مسائل سنے۔ اس دوران 200 کے قریب لوگوں سے ملاقات کے بعد انہوں نے سب کو یقین دلایا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔ ہر کسی کی درخواستوں کو متعلقہ عہدیداروں تک پہنچاتے ہوئے اور ان کے جلد اور تسلی بخش نمٹانے کی ہدایات دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت ہر متاثرہ کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ جنتا درشن میں اراضی تنازعہ کے معاملات کے تعلق سے انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ ایسے معاملات کو جلد حل کرنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دیں۔

