تاثیر 25 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 25 اپریل: مہاراشٹر کی سیاست اس وقت موضوعِ بحث بن گئی جب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور شیو سینا (ٹھاکرے گروپ) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کے درمیان مبینہ نصف شب ملاقات کی خبریں سامنے آئیں۔ یہ قیاس آرائیاں ایسے وقت میں سامنے آئیں جب قانون ساز کونسل انتخابات کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں تیز ہو چکی ہیں۔ اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا کہ دونوں رہنما رات گئے ورشا بنگلے پر ملے، تاہم اس ملاقات کی نوعیت اور مقصد کے حوالے سے کوئی واضح تفصیل سامنے نہیں آئی۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ فڑنویس نے اس طرح کی کسی بھی ملاقات کی سختی سے تردید کر دی۔
گزشتہ برسوں میں دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی اختلافات اور اتحاد کے خاتمے کے بعد ایسی خبروں نے سیاسی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی ہے۔ حالیہ دنوں میں قانون ساز کونسل کے ریٹائر ہونے والے ارکان کے ایک پروگرام میں دونوں رہنماؤں نے شاعرانہ انداز میں ایک دوسرے کی تعریف بھی کی تھی، جس کے بعد سے سیاسی فضا میں مختلف قیاس آرائیاں گردش کر رہی تھیں۔

