امریکہ اور ایران کے درمیان آئندہ چند دنوں میں مذاکرات کا امکان

تاثیر 26 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

تہران،26 اپریل:ایرانی خبر رساں ایجنسی “ارنا” کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی مسقط کا دورہ مکمل کرنے کے بعد دوبارہ پاکستان آئیں گے۔ اس سے قبل وہ ہفتے کے روز اسلام آباد سے روانہ ہوئے تھے جہاں پاکستان تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثی کی کوششیں کر رہا ہے۔”ارنا” نے ہفتے کے روز اطلاع دی کہ وزیر خارجہ عمان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اور اپنے غیر ملکی دورے کی تیسری منزل یعنی روس روانگی سے قبل دوبارہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ کے ہمراہ پاکستان آنے والے وفد کے بعض ارکان مشاورت اور جنگ کے خاتمے سے متعلق امور پر ضروری ہدایات حاصل کرنے کے لیے تہران واپس چلے گئے ہیں اور وہ اتوار کی رات اسلام آباد میں دوبارہ عراقچی کے ساتھ شامل ہو جائیں گے۔ایک ایرانی سفارت کار اور دیگر باخبر ذرائع نے وال اسٹریٹ جنرل کو بتایا ہے کہ اگر عراقچی ثالثوں کے ساتھ مشاورت کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ معاہدہ ممکن ہے تو آنے والے دنوں میں ایرانی اور امریکی وفود کی ملاقات ہو سکتی ہے۔عباس عراقچی ہفتے کے روز پاکستانی حکام سے بات چیت کے بعد اسلام آباد سے روانہ ہوئے تھے۔