تاثیر 26 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 26 اپریل: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 30 اپریل کو دو روزہ دورے پر لیہہ پہنچیں گے، جہاں وہ بدھ پورنیما کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے اتوار کو بتایا کہ امت شاہ یکم مئی کو بھگوان بدھ کے مقدس تبرکات پر حاضری دیں گے اور اس موقع پر لداخ میں جاری روحانی نمائش کی اہمیت پر اظہار خیال کریں گے۔ یہ نمائش یکم مئی سے 14 مئی تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کا یہ دورہ لداخ کی ترقی کے لیے حکومت ہند کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
سرکاری معلومات کے مطابق بھگوان بدھ کے مقدس تبرکات 29 اپریل کو لیہہ پہنچیں گے۔ یہ تبرکات اتر پردیش کے پپراہوا (قدیم کپل وستو) سے حاصل کیے گئے ہیں اور انہیں چوگلمسر کے جیوے تسل مقام پر عوامی نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔

